بنگلورو۔10/اکتوبر(ایس او نیوز) 82 ویں کل ہند کنڑا ساہتیہ سمیلن کے صدر کے طور پر معروف ادیب پروفیسر برگور رامچندرپا کا انتخاب عمل میں آیا۔دہلی،کرناٹکا سنگھا کے زیر اہتمام منعقدہ کنڑا ساہتیہ پریشد کی مجلس عاملہ اجلاس میں اتفاق رائے سے برگور رامچندرپا کا انتخاب عمل میں آیا۔ 45/ رکنی مجلس منتظمہ نے اس معاملے پر اتفاق کرلیا ہے۔ کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر ڈاکٹر منو بلیگار نے بتایاکہ دہلی میں منعقدہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں 2/ تا4/ دسمبرکو رائچور میں منعقدہونے والے کل ہند کنڑا ساہتیہ سملین کے صدر کے طور پر برگور رامچندرپا کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔عنقریب وہ ان سے ملاقات کرکے انہیں مدعو کریں گے۔ ٹمکور ضلع سرا تعلقہ کے برگور سے تعلق رکھنے والے پروفیسر برگور رامچندرپا بنیادی طور پر باغی ادیب قرار دئے جاتے ہیں اور باغی ادباء کی تنظیم کے کنوینر بھی رہے ہیں۔ وہ ایک آزاد خیال اور ترقی پسند ادیب ہیں جنہوں نے کئی فلموں کی ہدایت بھی دی ہے اور ساہتیہ اکاڈمی چیرمین کے علاوہ کنڑا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ بھی رہے ہیں۔ ان کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے برگور نے بتایاکہ ایک دیہات سے آنے والے شخص کو اتنا بڑا اعزاز حاصل ہوسکتا ہے،یہ انہوں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔